Category: Urdu News

  • Urdu News

    اے آئی ایپ، ناقابل یقین منافع اور چینی ملزمان: وہ سٹاک فراڈ جس میں پاکستانی شہری کروڑوں روپے گنوا بیٹھے

    اسلام آباد کے رہائشی تیمور رشید شاید کسی عام پاکستانی شہری کے مقابلے سٹاک مارکیٹ کو بہتر سمجھتے تھے کیونکہ انھیں شیئرز کی خرید و فروخت کا خاصا تجربہ تھا۔

    مگر زیادہ منافع کی خواہش میں انھوں نے ایک ایسے پلیٹ فارم پر 10 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کر لی جہاں وہ شیئرز خرید تو پا رہے تھے اور ان کی قدر میں تیزی سے ہوتا ہوا اضافہ بھی دیکھ پا رہے تھے مگر انھیں افسوس اس بات کا تھا کہ وہ منافع کے بعد اپنے 50 لاکھ روپے مالیت کے شیئرز فروخت کرنے سے قاصر تھے۔

    وہ بی بی سی کو بتاتے ہیں کہ ایک روز پتا چلا کہ وہ ایپ جو کہ انھوں نے گوگل پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی تھی اور وہ ویب سائٹس جہاں انھوں نے حصص کے اتار چڑھاؤ پر نظریں تان رکھی تھیں، سب غائب ہوگیا۔

    یہ کہانی ایک ایسی مبینہ جعلسازی کی ہے جس کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 41 سے زیادہ درخواستیں موصول ہونے کے بعد کم از کم تین مقدمات درج کیے ہیں۔ ان درخواستوں میں متاثرین نے مجموعی طور پر قریب 17 کروڑ روپے کے نقصان کا دعویٰ کیا ہے۔